لاہور: شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر غور کرنا ہوگا کہ ایک نااہل، نالائق اور کرپٹ شخص ملک و قوم کے لئے کتنا خطرناک ثابت ہوتا ہے
غیرملکی ادارے کی یہ رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے، اور ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ رپورٹ ہمیں قومی سطح پر اصلاح احوال کی دعوت فکر دے رہی ہے، اسے چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،
رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریباں میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے، ہمیں ان عوامل، محرکات اور مضمرات پر غور کرنا چاہئے جس سے یہ رپورٹ مرتب ہوئی ہے، مجموعی طور پر پاکستان کرپشن انڈیکس میں 23 پوائنٹس گرا ہے جس سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا۔
یہ بھی پڑ ھیں : اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کورہا کردیا گیا
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، کرپشن میں انہیں پیچھے چھوڑ گئے جن کے خلاف سیاست میں آنے کا دعویٰ کیا تھا، وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے خطرناک نہیں بلکہ مہلک ترین ثابت ہوئے، وہ اس سے زیادہ اور کیا خطرناک ہوں گے کہ 16 درجے کرپشن بڑھ گئی، معیشت تباہ، مہنگائی اور بے روزگاری آسمان پر پہنچ چکی ہے، عمران نیازی کو اب بھی ملک یا اس کے نام کی نہیں، اپنے جھوٹے امیج کوبچانے کی فکر پڑی ہوئی ہے، ان کی سوچ پر افسوس ہے۔