کراچی: میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے سیکیورٹی ڈویژن نے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیے دیا گیا ہے
پاکستان سپرلیگ کےساتویں ایڈیشن کا آغاز کل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے جارہا ہے،ایونٹ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں،
سیکیورٹی کے حوالے اور کرونا وبا کے پیش نظر شائقین کرکٹ کے لئے اہم ہدایات جاری کردی گئیں جو کہ درج ذیل ہیں۔
پی ایس ایل سیزن 7 کے لئے سیکیورٹی ڈویژن نے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے، مجموعی طور پر 5 ہزار 650 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، سیکیورٹی ڈویژن کے1700اہلکار فرائض انجام دیں گے جبکہ ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز بھی تعینات کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کے 500 اہلکار،ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکارتعینات کیے جائیں گے، کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے سواٹ ٹیم ہمہ وقت الرٹ رہے گی، سندھ رینجرزاور دیگر نافذ کرنے والے ادارے کےاہلکاربھی فرائض انجام دیں گے۔
ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے، اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ اور متعین روٹس پر تعینات ہوں گے،ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کے باہر خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس موجود ہوگی۔
یہ بھی پڑ ھیں : ایف آئی اے نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا
سیکیورٹی پلان کے تحت قومی شناختی کارڈ اور کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے حامل افراد کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی، اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا، کرونا وبا سے متعلق این سی او سی رولز کی خلاف ورزی پر اسٹیڈیم سے نکال دیا جائے گا۔
سیکیورٹی پلان کے تحت اسٹیڈیم میں سگریٹ، ماچس، لائٹر، چاقو، دھاتی اشیا لانے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں،
دھماکہ خیز مواد اور پٹاخے لانا بھی سخت ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میچز کے شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے پوائنٹس مختص کردئیے گئے ہیں، تمام میچز کے تماشائیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے حسب سابق مختلف پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ترجمان کے مطابق گاڑیاں پارک کرنے کے لیے پارکنگ گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب حکیم سعید گراؤنڈ کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گرائونڈ صرف وی آئی پی ویز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص ہوگا۔