کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ گارڈن ویسٹ لسبیلہ پر گراؤنڈ پلس 6 منزل عمارت کی اجازت لی گئی لیکن پلاٹ پر 6 کے بجائے 9 منزلہ الجنت رائل ریزیڈنسی تعمیر کی جارہی ہے
عدالت نے گارڈن ویسٹ میں 9منزلہ الجنت رائل ریزیڈنسی کے غیرقانونی حصے کو مسمارکرنے کا حکم دیتے ہوئے ایس بی سی اے اور دیگر اداروں کو مزید تعمیرات سے روک دیا۔
یہ بھی پڑ ھیں : سپریم کورٹ نے مری میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیا
عدالت نے 9منزلہ عمارت کا غیر قانونی حصہ مسمار کرکے 45 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا غیرقانونی تعمیر الجنت رائل ریزیڈنسی میں کسی کو سب لیز نہ دی جائے۔
عدالت نےعمارت میں بجلی، پانی اور گیس کنکشنزفراہم کرنےسے روکتے ہوئے بلڈرز اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم نامہ بلیک میلنگ کیلئے استعمال کیا گیا تو درخواست گزار کیخلاف کارروائی ہوگی، حکم امتناع لے کر بلڈر سے سازباز کرکے درخواست واپسی کی کوشش بھی کی تو بھی کارروائی کی جائے گی۔