الیکشن کمیشن فوری طور پر فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے سے عوام کو آگاہ کرے
فارن فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ تمام مصلحتوں سے آزاد کر کے جاری کریں
سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ریاستی اداروں پر بار بار حملوں کے باوجود 8 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ سنانا عمران نیازی اور پی ٹی آئی کو استثنیٰ دینے کے مترادف ہے۔
اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نیازی نے ضمنی انتخابات سے پہلے دھاندلی کا شور مچایا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر جانبداری کا الزام لگایا اور جب الیکشن جیت گئے تو فوری چیف الیکشن کمشنر، جو آئینی عہدہ ہے، کا استعفیٰ مانگ لیا۔
اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کے محفوظ فیصلے سے عوام کو آگاہ کرے تاکہ آئین اور قانون کے مطابق پی ٹی آئی اور عمران نیازی کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم ایک کروڑ پاکستانی آپ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ تمام مصلحتوں سے آزاد کر کے جاری کریں تاکہ غیر ملکیوں سے ملکی سیاست کے لیے فنڈز لینے والے اپنے انجام کو پہنچ سکیں۔