نواز شریف سے 35 سال کا تعلق ہے، میں استقبال کا قائل نہیں ہوں: شاہد خاقان
ہماری حکومت کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی
لندن: انصاف کا تقاضا ہے کہ نواز شریف سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے، پارٹی کے کسی لیڈر کے حوالے سے میرے کوئی تحفظات نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے لندن میں ن لیگی قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی، ہمیں ملک کے معاملات دیکھنا ہوں گے، مسلم لیگ جیتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
نئی پارٹی بنانے سے متعلق سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی خفیہ نہیں بنتی جب بھی بنے گی تو سامنے آجائے گی۔ نواز شریف سے ملکی امور پر گفتگو ہوئی، نئی پارٹی بنائی نہیں، اس کے قیام کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ نواز شریف سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے، پارٹی کے کسی لیڈر کے حوالے سے میرے کوئی تحفظات نہیں۔
شاہد خاقان نے کہا کہ نواز شریف سے 35 سال کا تعلق ہے، میں استقبال کا قائل نہیں ہوں، ن لیگی قائد کی واپسی کے حوالے سے کی گئی مشاورت میں شامل نہیں تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمے داری ہے۔