ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے
ایرانی صدر پاکستانی ہم منصب آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل پر حملے سے پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے دورے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے۔
ایرانی صدر کے دورے کے ایجنڈے سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم وزیراعظم شہباز شریف کے عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا۔
ایرانی صدر کے پاکستان کے دورے کی اہمیت مشرق وسطیٰ کے تناظر میں کافی بڑھ گئی ہے۔ ایران نے شام میں اپنے سفارت خانے پر حملے کے جواب میں اسرائیل پر 300 کے قریب میزائل اور ڈرونز داغے۔
ایران کے اس حملے کے بعد سے سلامتی کونسل اور جی-7 ممالک کے اجلاس میں ایران پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ امریکا سمیت دیگر ممالک نے ایران کو سخت نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔