الیکشن کمیشن نے امیدواروں کا مکمل ڈیٹا ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا
الیکشن کمیشن نے امیدواروں کا مکمل ڈیٹا ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا ہے اور ریٹرننگ افسران کل سے دوہری شہریت، نادہندہ امیدواروں کی اہلیت ناہلیت کا فیصلہ کریں گے۔
پاکستان ویوز کے مطابق ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدواران نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کرادیئے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی کل سے انتخابات 2018کی گہما گہمی ملک بھر میں بحال ہوجائے گی، ریٹرنگ افسران کی عید کی چھٹیاں بھی کل سے ختم ہوں جائیں گی جب کہ انتخابات میں حصہ لینے والے خواہشمند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوجائے گا، ریٹرننگ افسران کل سے دہری شہریت اور نادہندہ امیدواروں کی اہلیت ناہلیت کا فیصلہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے ان کا مکمل ڈیٹا ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا ہے، ریٹرننگ افسران کو ایف آئی اے ، اسٹیٹ بینک، پی ٹی سی ایل، ایس این جی پی ایل کی جانب سے امیدواروں کا فراہم کردہ ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 19 جون تک جاری رہے گا۔