انتخابی مہم کا آخری روز: سیاسی جماعتوں نے آج بھی پنڈال سجالیے
کراچی:عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کے پاس مہم چلانے کے لیے آج آخری روز ہے جس کے لیے پارٹیوں نے مختلف شہروں میں پنڈال سجالیے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آخری انتخابی سرگرمی کے لیے لاہور کا انتخاب کیا ہے جہاں وہ 4 انتخابی حلقوں میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔
عمران خان آج شام این اے 128 اعجاز ڈیال کے حلقے میں کارکنوں سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ یاسمین راشد کے حلقے این اے 125 کا دورہ کریں گے اور کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف رات 9 بجے این اے 134 میں کارکنوں سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ اپنے انتخابی حلقے این اے 131 میں مہم کا اختتام کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے آخری انتخابی سرگرمی کے لیے ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی کا انتخاب کیا جہاں وہ منعقدہ جلسوں کے دوران کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے مطابق ڈیرہ غازی میں جلسہ آج شام یونیورسٹی گرائونڈ میں ہوگا جس کے لیے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں جب کہ جلسے کے لیے 80 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی جیکب آباد اور شکار پور میں جلسوں سے خطاب کریں گے، اسی طرح متحدہ مجلس عمل کی جانب سے آج اسلام آباد میں جلسہ کیا جارہا ہے جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے آج کراچی میں آخری انتخابی جلسہ کیا جارہا ہے جس کے لیے لیاقت آباد فلائی آور کا انتخاب کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز لاہور میں موچی گیٹ سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کریں گے۔