صنعاء: انتخابی فتح کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات آ رہے ہیں اور مختلف ممالک کے سفراء ان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اب انہیں ایک ایسے شخص کی طرف سے مبارکباد کا پیغام آ گیا ہے کہ سن کر سعودی عرب آگ بگولہ ہو جائے گا۔ برطانوی نیوز ویب سائٹ alaraby کے مطابق یمن میں سعودی اتحاد کے خلاف برسرپیکار حوثی باغیوں کے سربراہ علی الحوثی نے بھی عمران خان کو انتخابی جیت اور پاکستان کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد کا پیغام بھجوایاہے۔
اس پیغام میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے سربراہ علی الحوثی نے کہا ہے کہ ’’ہمیں امید ہے کہ پاکستان کے نئے لیڈر یقیناًدوسروں کی جنگیں لڑنے کے نقصانات کو سمجھیں گے۔‘‘واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر اتحادی حوثی باغیوں کے خلاف خونریز جنگ لڑ رہے ہیں اور حوثی باغی سعودی سرزمین پر کئی میزائل حملے بھی کر چکے ہیں۔ سعودی اتحادیوں کی طرف سے الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ایران حوثی باغیوں کی حمایت کر رہا ہے اور انہیں اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عمران خان پہلے ہی مسلم ممالک کے باہمی تنازعات میں فریق بننے کی بجائے مصالحانہ کردار ادا کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔