پاکستان

پاکستان کا وہ اعلیٰ ترین عہدیدار جس نے عمران خان کی ہدایات لینے سے انکار کردیا، وعدے کے باوجود کام جاری رکھنے سے انکار کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ دنوں جنوبی افریقہ کے کامیڈین ٹریور نوا (Trevor Noah)نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا ڈونلڈٹرمپ قرار دیا۔ اگرچہ ٹریور کی یہ ویڈیو محض لوگوں کو ہنسانے کی غرض سے تھی تاہم اس نے عمران خان اور ڈونلڈٹرمپ کے ماضی اور حال میں کئی ایسی مماثل قدریں بیان کیں کہ لگا جیسے دونوں واقعی ایک جیسے ہیں۔ اب عمران خان کے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھاتے ہی ایک اور ایسا کام ہو گیا ہے جو امریکہ میں ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد ہوا تھا۔یوں دونوں میں ایک اور قدر مشترک ہو گئی ہے۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق پاکستان کے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے یہ کہہ کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔ جب امریکہ میں ڈونلڈٹرمپ صدر بنے تھے تو وہاں بھی کئی افسران نے یہ کہہ کر استعفے دے دیئے تھے کہ وہ ٹرمپ حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔

رپورٹ کے مطابق خالد جاوید خان 9اگست کو بنی گالہ میں آخری بار عمران خان سے ملے تھے۔ اس ملاقات میں عمران خان نے خالد جاوید کو استعفیٰ نہ دینے اور اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کو کہا تھا۔ اس وقت خالد جاوید کام جاری رکھنے پر رضامند ہو گئے تھے تاہم تحریک انصاف کا ایک دھڑا انہیں عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ انور منصور خان کو لانے کے لیے بہت متحرک تھا، جو یوسف رضا گیلانی کی وزارت عظمیٰ کے دور میں اٹارنی جنرل آف پاکستان رہ چکے ہیں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کا یہی گروپ، جس میں زیادہ تر لوگ تحریک انصاف کراچی کے ہیں، عمران خان کو اس بات پر رضامند کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ وہ خالد جاوید کو ہٹا کر منصور کو ان کی جگہ اٹارنی جنرل تعینات کر دیں۔ تحریک انصاف کا ایک اور دھڑا اس پہلے گروپ کی مخالفت کر رہا تھا اور چاہتا تھا کہ خالد جاوید ہی اٹارنی جنرل رہیں۔ رپورٹ کے مطابق جب خالد جاوید کو تحریک انصاف کے اندر چل رہی اس کشمکش کا علم ہوا تو انہوں نے خود ہی استعفیٰ دے دیا اور کراچی چلے گئے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جب خالد جاوید استعفیٰ کا فیصلہ کر چکے تھے تب بھی تحریک انصاف کی طرف سے ان سے رابطہ کیا گیا اور کام جاری رکھنے کو کہا گیا تاہم انہوں نے معذرت کر لی اور مستعفی ہو گئے۔واضح رہے کہ اب تحریک انصاف کے پہلے دھڑے کی خواہش کے مطابق قانون دان انور منصور خان کو اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کر دیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close