بھارتی فوج کی پھر ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی، پاج کا منہ توڑ جواب
راولپنڈی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے رکھ چکری سیکٹر پر سیز فائر کی پھر خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے رکھ چکری سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے، شدید فائرنگ کے نتیجے میں اکھوڑی گاؤں کی 2 خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جب کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے رواں سال بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 1550 بار خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جبکہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے 14 افراد شہید اور 117 زخمی ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل 20 جولائی کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ لڑکا شدید زخمی ہوا تھا۔