سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 498 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ
کراچی : کرونا وائرس نے سندھ بھر میں مزید 20 افراد کو لقمہ اجل بنالیا جبکہ 500 کے قریب مزید افراد میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا نے شہریوں کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کوویڈ 19 سے متعلق کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 842 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے498 مثبت آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 748481 ٹیسٹ کیے چکے ہیں اور اب تک صوبے بھر میں 120896 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 20 کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2209 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 689 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں،اب تک 110233 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت 8454 مریض زیر علاج ہیں، 399 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے،67 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 77 ہزار 401 تک جا پہنچی ہے۔