تعلیمی اداروں کی ایک بار پھر بندش ، والدین کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آگیا
لاہور (24 مارچ2021ء) ملک میں تعلیمی اداروں کی ایک بار پھر بندش پر والدین کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ناصرف والدین بلکہ بچوں کی جانب سے بھی تعلیمی اداروں کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا گیا ۔ اس ضمن میں والدین کا کہنا ہے کہ ملک میں سب مارکیٹیں اور تمام بازار کھلے ہیں کیا کورونا صرف سکولوں میں ہی ہے جو انہیں بار بار بند کردیا جاتا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے تعلیمی ادارے فی الفور کھولا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلاو َ تشویش ناک ہے ، جب کہ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستا ن میں کورونا کی شدت کم ہے، جہاں کورونا کی شدت زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11اپریل تک بند رہیں گے ، اسلام آباد میں 11 اپریل تک سارے تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ جن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی ، تاہم قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کو سیل کردیا جائے گا ، 7 اپریل کو دوبارہ این سی او سی کا اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ نویں تا بارہویں امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے جب کہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیمبرج کے ساتھ میٹنگ کریں گے ، کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہو رہے ہیں ، کیمبرج کے ساتھ گفتگو کے بعد اعلان کریں گے۔