ورلڈ کپ 1992ء میں عمران خان اپنے خلاف بغاوت سے بال بال بچے تھے: جاوید میانداد
لاہور (25 مارچ 2021ء ) قومی ٹیم کے لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے انکشاف کیا ہے کہ سابق کپتان عمران خان قومی ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے سے قبل ٹیم کے اندر ہونے والے بغاوت سے بال بال بچے تھے ۔ ایک مقامی ٹیلی ویژن چیٹ شو میں سابق کپتان اور قومی ٹیم کے تین بار کوچ رہنے والے جاوید میانداد نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں اہم ترین کھلاڑی عمران کے کپتانی کرنے کے انداز سے ناراض ہوگئے تھے ، بغاوت نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل ہوئی تھی لیکن میرے نزدیک ملک سب سے زیادہ اہم تھا اور میں نے کھلاڑیوں کو راضی کیا کہ وہ عمران خان کی کپتانی میں کھیلنا جاری رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران ورلڈ کپ جیتنے کے بعد 1992ء میں انگلینڈ کے دورے سے قبل ریٹائر ہوئے تھے کیونکہ انہیں بغاوت کے بارے میں پتہ چل گیا تھا۔
میانداد سے جب جمعرات کے روز رائٹرز سے رابطہ کیا تو انہوں نے اپنے بیان کی تصدیق کی لیکن اس کی تفصیل نہیں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی اس واقعہ کے بارے میں بات نہیں کی لیکن اب بہت سارے لوگوں کو اس کے بارے میں پتہ ہے لہذا میں نے حقیقت کا انکشاف کیا ہے۔
انضمام الحق کی دھواں دھار بلے بازی کے نتیجے میں پاکستان نے آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں شکست دینے کے بعد عمران اور میانداد کے مابین 139 کی تیسری وکٹ کی اہم شراکت کے نتیجے میں میلبورن میں فائنل میں انگلینڈ کو شکست دیکر دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی ٹرافی اپنے نام کی تھی ۔