پاکستان کی اکلوتی ورلڈ کپ کامیابی کے 29 سال مکمل
لاہور (25 مارچ 2021ء ) پاکستان کی اکلوتی ورلڈکپ کامیابی کو 29 سال بیت گئے۔ 1992ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کا شمار فیورٹس میں نہیں ہورہا تھا اور قومی ٹیم کا آغاز بھی زیادہ اچھا نہیں رہا، ابتدائی 5 میچز میں صرف ایک کامیابی کے باعث گرین شرٹس کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوتا نظر آرہا تھا مگر اس کے بعد قسمت کی دیوی عمران خان کی زیر قیادت کھیلنے والی ٹیم پر مہربان ہوتی گئی۔
انگلینڈ کیخلاف میچ میں پاکستانی اننگز صرف 74 پر تمام ہوئی لیکن میچ بارش کی نذرہونے کی وجہ سے ملنے والا قیمتی پوائنٹ آگے چل کر کام آگیا،ایک مرحلہ پر ضروری تھا کہ پاکستان ایونٹ میں ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو ہرائے اور آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں غیر متوقع ہار ہو، یہ دونوں نتائج قومی ٹیم کے حق میں گئے، انگلینڈ سے میچ کے ایک پوائنٹ کی بدولت پاکستان (9 پوائنٹس) نے سیمی فائنل میں رسائی پائی اور آسٹریلیا (8پوائنٹس) باہر ہوگیا۔
سیمی فائنل میں قومی ٹیم کا مقابلہ ایک بار پھر سب سے ان فارم ٹیم نیوزی لینڈ سے ہوا، گرین شرٹس نے 263 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کیا، صرف 37 گیندوں پر 67 رنز بنانے والے انضمام الحق میچ کے ہیرو بن گئے۔ فائنل میں انگلینڈ کیخلاف پاکستان نے عمران خان 72، جاوید میانداد 58، انضمام الحق 42 اور وسیم اکرم 33رنز کی مدد سے 6 وکٹ پر 249 کا مجموعہ لگایا اورانگلش ٹیم 227 تک محدود رہی، مین آف دی میچ وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے 3،3 جبکہ عاقب جاوید نے 2 شکار کیے،عالمی اعزاز جیتنے کے بعد ملک بھر میں جشن کا سماں رہا لیکن 25 مارچ 1992ء کے بعد قوم کو اب تک یہ خوشی منانے کا موقع دوبارہ نہیں مل سکا۔