کراچی (26 مارچ 2021) سندھ میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے سائیڈ افیکٹس کے حوالے سے افواہوں پر توجہ نہ دیں، پہلے بھی ہزاروں بزرگ افراد یہ ویکسین لگوا چکے ہیں، ہیلتھ ورکرز ویکسین لگوائیں اور جو ورکرز ویکسین نہیںلگوائیں گے، انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 315 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین کے لیے رجسٹرڈ کیا گیا تھا، اب تک 33 ہزار 356 ہیلتھ ورکرز نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ہے، ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کو نوکری سے نکال دیا جائے گا۔
سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کورونا کی ویکسی نیشن کا حصہ نہ بننے والے ہیلتھ ورکرز کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کردیاعذرا پیچوہو نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ہر فرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ ویکسین لگوائے، کورونا سے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ہوگا، اسپتالوں میں کام کرنے والے وہ لوگ جو ویکسین نہیں لگوا رہے اپنے خاندان کے لوگوں کے لیے بھی خطرہ ہوسکتے ہیں، سندھ میں کام کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز خوش نصیب ہیں کہ ان کے لیے حکومت کی طرف سے مفت ویکسین کے انتظامات کیے گئے ہیں، دنیا بھر میں اب تک 30 کے قریب ایسے ممالک ہیں جن میں اب تک کورونا ویکسین کا عمل شروع ہی نہیں ہوسکا، بحیثیت ہیلتھ پروفیشنل اپنی اور دوسروں کی جان بچانے کے لیے اولین فرض پورا کریں۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ ویکسین کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دیں، میں نے خود بھی ویکسین لگوائی ہے مجھے کسی بھی قسم کے ردعمل کا سامنا نہیں ہوا ہے، یہ ویکسین 80 سے 90 سال تک کے عمر کے افراد نے بھی لگوائی ہے جنہیں کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہوئے، کچھ افراد میں معمولی ردعمل ہوسکتا ہے جس طرح عام طور پر بچوں کی ویکسین کے دوران بھی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایسے میں ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں، تا کہ دوسرے لوگو ں کی ویکسینیشن کے عمل کے دوران ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار نہ ہوں، تاہم عالمی سطح پر کورونا ویکسین کے سائیڈ افیکٹس کے حوالے سے پائے جانے والے شک و شبہات کا اثرات پاکستان میں بھی نظر آ رہے ہیں، سینکڑوں ہیلتھ ورکرز نے کورونا ویکسین نہیں لگوائیں، تاہم اب حکومت نے ورکرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے اور اہم حکم جاری کر دیا ہے۔