مسافر نے طیارہ ہائی جیک کرنے کی دھمکی دے ڈالی
رباط (26 مارچ 2021) دنیا بھر میں دہشت گرد اپنے مطالبات منوانے یا انتہا پسندانہ کارروائیاں انجام دینے کے لیے مسافر طیاروں کو ہائی جیک کرنا ہی آسان ہدف سمجھتے ہیں۔بظاہر تو دہشت گردی کی یہ کارروائی آسان نہیں ہوتی مگر اس طرح سے جہاز ہائی جیک کرنے کے بعد مسافروں کو یرغمال بنا کر دہشت گردوں کو مختلف ممالک میں قید اپنے ساتھی آزاد کرانے کا موقعہ مل جاتا ہے۔
ابھی ایک تازہ ترین واقعہ بھی جہاز کے اغوا کا سامنے آیا ہے مگراس حوالے سے کسی بھی قسم کے جسمانی نقصانی کی بات سامنے نہیں آئی ہے۔موریطانیہ کے سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک ہائی جیکر کو گرفتار کیا ہے ملزم ایک مسافر طیارے میں سوار ہوا اور اسے آگ لگانے کی دھمکی دے رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق افریقی ملک موریطانیہ کے ایئر پورٹ پر طیارے کی اڑان سے کچھ دیر قبل سیکیورٹی کے عملے نے طیارے میں سوار ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارہ ہائی جیک ہونے کا واقعہ موریطانیہ کے دارالحکومت نو اکشوط کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پیش آیا تاہم اس دوران کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔اس حوالے سے مقامی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ مقامی ایئر لائن کا طیارہ ہائی جیک کرنے والے شخص کو فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔عرب نیوز نے موریطانیہ کی نیوز ایجنسی اے ایم آئی کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کو طیارہ ہائی جیک کرنے والا شخص امریکی شہری ہونے کا دعویٰ کر رہا تھا جس نے جہاز کو آگ لگانے کی بھی دھمکی دی تھی تاہم ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ماریطانیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ مذکورہ ملزم نے امریکی شہری ہونے کا ڈرامہ کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ اس کا موریطانیہ سے کوئی اختلافی مسئلہ ہے۔ہائی جیک ہونے والا ایمبریئر جہاز موریطانیہ ایئر لائن کا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سال 2016 میں ائیر پورٹ کے افتتاح کے بعد اس قسم کی یہ پہلا واقعہ ہے۔