مریم نواز کی نیب پیشی ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آ گئی
اسلام آباد (26 مارچ 2021) معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ شام سے اطلاعات آ رہی تھیں کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاج ہو سکتے ہے جس پر نیب کی جانب سے مریم نواز کی پیشی کو ملتوی کردیا گیا۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے انتظامیہ کو بتا دیا گیا تھا کہ مریم نواز کے ساتھ ایک کار نیب دفتر تک جائے گی جبکہ باقی تمام کارکن اور رہنما ریڈ زون میں داخل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی اس لئے ملتوی کی گئی کیونکہ اطلاعات آ رہی تھیں کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاج ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے مریم نواز کی پیشی ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔نیب حکام کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نئی پیشی کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا تھا کہ فیصلہ مفاد عامہ کے پیش نظر کیا گیا۔
مریم نواز کی نیب میں پیشی کے حوالے سے قومی احتساب بیورو میں آج اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں انتظامیہ کو فی الفور تمام سیکیورٹی اقدامات واپس کرنےکی ہدایت کی گئی- اجلاس میں مریم نواز کی 26 مارچ کی پیشی ملتوی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیب کی وابستگی صرف ریاست پاکستان اورپاکستانی عوام سےہے- ایسے اقدامات کی نفی کرتےہیں جس میں مبینہ طورپردباؤ میں لانےکیلئے مختلف حربوں کا استعمال کیا جائے- واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 26 مارچ یعنی کل مریم نواز کی پیشی میں کارکنان کو نیب آفس کے باہر اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ نیب آفس کے باہر لاکھوں افراد کا مجمع ہوگا اور میں ریلی کو خود لیڈ کروں گا۔
پی ڈی ایم کی دھمکیوں کے بعد نیب نے وزارت داخلہ سے نیب آفس کے باہر رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد وزارت داخلہ نے نیب لاہور آفس کے باہر رینجرز تعینا ت کر دیے تھے۔ مریم نواز نے عدالت سے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری بھی کروالی تھی- پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب میں پیشی کے حوالے سے پنجاب حکومت نے نیب آفس لاہور کو ریڈ زون قرار دے دیا تھا، صوبائی حکومت کی جانب سے نیب لاہور کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب آفس لاہور کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دی گئی تھی