کورونا کی صورتحال تشویشناک، سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یو 95فیصد تک بھر گئے
لاہور (26 مارچ 2021) ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت میں تیزی آ رہی ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یو 95 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ پنجاب نبیل اعوان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یو 95 فیصد بھر گئےہیں۔ سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے میو اور سروسز ہسپتال کو 30 نئے وینٹی لیٹرزفراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر میں زیادہ ترمریض آئی سی یو میں آرہے ہیں۔اس صورتحال میں لاہورکے تمام ہسپتالوں کےایم ایس آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے جبکہ محکمہ صحت کے دفاتر ہفتے کے ساتوں روز کام کریں گے۔ واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کر لی ہے ، این سی او سی کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 368 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 7 ہزار 765، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 62، خیبر پختونخوا میں 82 ہزار 677، بلوچستان میں 19 ہزار 427، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 983، اسلام آباد میں 54 ہزار 347 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 95 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 99 لاکھ 76 ہزار 791 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 418 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 91 ہزار 145 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 758 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ 50 سال کے افراد کی اپریل میں ویکسی نیشن شروع کی جائے گی، پاکستان چین سے مزید 70 لاکھ ویکسین ڈوز خرید رہا ہے، پہلی ویکسین کی 2 کھیپ رواں ماہ کے آخر میں پاکستان پہنچیں گی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 50 سال کے عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل اپریل سے شروع کر دےگا۔ پاکستان چین سے مزید 70 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز خرید رہا ہے۔ چین سے پہلے خریدی گئی ویکسین کی 2 کھیپ رواں ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچیں گی۔ کورونا کے باعث لیے گئے سخت اقدامات کا جائزہ11 اپریل کے بعد این سی اوسی اجلاس میں لیا جائے گا۔