لاہور (26 مارچ 2021) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ضمانت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میاں شہباز شریف نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا ہےکہ کئی ماہ سے جیل میں قیدہوں ، عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ ریفرنس میں ضمانت کیلئے درخواست ان کے وکیل امجدپرویز نے دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کاریفرنس دائرہوچکا، ٹرائل جاری ہے، کئی ماہ سےجیل میں قیدہوں، تمام ریکارڈنیب کےپاس ہے،نیب نے کوئی ریکوری نہیں کرنی۔ شہباز شریف نےاپنی درخواست میں نیب کوفریق بنایا ہے اور استدعا کی ٹرائل باقاعدگی سے جوائن کرتارہوں گا، عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔
گذشتہ روز احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثے کیس میں شہباز شریف کو میڈیکل رپورٹ دینے اور کورونا ویکسین لگوانے کے لیے دو روز میں انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا۔
گذشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے اپنی حاضری مکمل کرائی۔دورانِ سماعت شہباز شریف کے وکیل نے جج نے استدعا کی کہ شہبازشریف بیٹھنا چاہتے ہیں عدالت اجازت دے، اس پر فاضل جج نے کہا کہ میاں صاحب آپ بیٹھ جائیں مگر دور دور بیٹھیں۔
جج کے مکالمے پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ ہم بہت دور دور بیٹھیں گے جج صاحب، اس پر فاضل جج نے کہا کہ اتنا دور بھی نا بیٹھیں میاں صاحب، اتنی دوری اچھی نہیں ہوتی۔ فاضل جج کے ریمارکس پر کمرہ عدالت میں خوب قہقہے لگے۔ خیال رہے گذشتہ سال ستمبر میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت مسترد ہونے کے بعد سے میاں شہباز شریف نیب کی حراست میں ہیں ۔