بائیوسکیورٹی کی ناکامی میں فرنچائزصرف 10 فیصد قصوروار:ندیم عمر
لاہور ( 26 مارچ 2021ء ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل بائیوسکیورٹی کی ناکامی میں فرنچائز صرف 10فیصد قصوروار ہیں ، بورڈ ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کی ذمہ داری پوری نہیں کرسکا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز کے مابین باقاعدہ ملاقاتیں ہونی چاہئیں تاکہ وہ مذکورہ بالا معاملے کو جلد از جلد حسل کرسکیں۔
ندیم عمر کا کہنا تھا کہ ہم پی سی بی کے ساتھ مالیاتی ماڈل پر کام کر رہے ہیں، پی سی بی کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے اپنا بہت سارا وقت اور سرمایہ پی ایس ایل پر خرچ کیا ہے، یہ کیسا مالی نمونہ ہے جس میں ایک فریق مزے اڑا رہا ہے اور دوسرے پریشانیاں برداشت کررہے ہیں؟ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوسکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے کچھ دلائل سمجھ میں نہیں آتے،یہ ایک کیک ہے لہذا پی سی بی کو اپنا حصہ کم کرنے کی ضرورت ہے ،انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز نے بہت قربانیاں دی ہیں، پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ اب سے باقاعدہ میٹنگیں ہوں گی جس میں ہم مالیاتی ماڈل کے حوالے سے ایک فارمولے پر کام کریں گے۔
کھلاڑیوں اور معاون عملے میں متعدد کوویڈ 19 کیسز سامنے آنے کے باعث پی ایس ایل 6 کو 4 مارچ کو ملتوی کردیا گیا تھا حالانکہ 20 میچ باقی تھے۔ پی سی بی پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ جون میں باقی میچوں کی میزبانی کراچی کرے گا۔ ندیم عمر کا خیال ہے کہ پی سی بی کو پی ایس ایل 6 کے لئے بائیو سیفٹی ببل بنانے کے معاملے میں بہتر طور پر تیار ہونا چاہئے تھا۔
ندیم عمر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ملتوی ہونے پر بلیم گیم شروع کیا تو یہ کبھی نہیں رکے گا مگر اسکا کوئی فائدہ نہیں، بائیو سکیورٹی میں ناکامی پر فرنچائزز کو صرف 10 فیصد قصوروارقرار دیا جاسکتا ہے، وہ بھی اس لیے کہ پی سی بی نے ہم پر کوئی قانون لاگو نہیں کیے،اس کی حیثیت منتظم جیسی تھی۔ پی سی بی ایک آرگنائزنگ پارٹی کی حیثیت سے قوانین نافذ کرنے کا پابند تھا اور وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ندیم عمر نے کہا کہ اب 2 شیڈول زیر غور ہیں،پلان ہے کہ کھلاڑی اور معاون سٹاف ارکان 23 یا 24 مئی کو رپورٹ کرکے 6 یا 7 دن کا قرنطینہ مکمل کریں اور 18دن میں ایونٹ کے باقی میچز مکمل ہوجائیں،یہ ہمارے لئے واحد ونڈو دستیاب ہے۔