الیکشن کمشنر سندھ کی زیر صدارت اجلاس ،این اے 249کے ضمنی انتخاب کے انتظامات کا جائزہ
کراچی (26 مارچ2021ء) ترجمان دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعہ کو کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں این اے 249کراچی غربی۔II کے الیکشن کے انعقاد کے متعلق ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ریٹرننگ آفیسر/ ڈپٹی کمشنرز کراچی غربی، کیماڑی /ایس ایس پی کراچی غربی، کیماڑی/ میونسپل کمشنرز کراچی غربی، کیماڑی/ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کراچی غربی، کیماڑی/ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کراچی غربی، کیماڑی/ ڈائریکٹر کالجز/ ڈائریکٹر اسکولز/ ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کے انعقاد کے انتظامات حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ این اے 249 کراچی غربی۔
II میں حق رائے دہندگان کی کُل تعداد 3لاکھ 39ہزار 405 ہے، جس میں مرد رائے دہندگان 2لاکھ 2 ہزار 57 جبکہ خواتین رائے دہندگان 1لاکھ 37 ہزار 348 ہیں۔ جس کیلئے متوقع 277 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ پُرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن کے ہدایات کے تحت تمام ضروری احکامات کو یقینی بنایا جائیگا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر بنیادی سہولیات، پانی، بجلی، واش روم اور معذور افراد کیلئے ریمپ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشن کی صفائی و ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن بلاتفریق اور سب کیلئے یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہیں اوریقین دلایا کہ ضمنی انتخاب میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا۔ واضح رہے کہ این اے 249 کراچی غربی۔II میں پولنگ 29 اپریل 2021 بروز جمعرات کو ہوگی۔