مسلم لیگ ن نے اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو سلیکٹڈ قرار دے دیا
سلام آباد (27 مارچ 2021) پاکستان مسلم لیگ ن نے اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو سلیکٹڈ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نے کے رہنما راناء ثنااللہ کہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے بعد اب ایوان بالا کے قائد حزب اختلاف بھی سلیکٹڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ مل کر پاکستان پیپلزپارٹی نے نقصان کا سودا کیا ہے ، اپنے اس طرز عمل سے پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کی سیاست کاجنازہ نکال دیا۔
مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنماء سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بی اے پی سے پیپلزپارٹی کا الحاق ہمارے لیے حیران کن ہے ، ہمیں آج اس قسم کے فیصلے کی امید نہیں تھی کیوں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا ، اس لیے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ہونے والے فیصلے پر ہمیں بہت افسوس ہوا ، پی ڈی ایم کے مستقبل کے متعلق آئندہ چند دن میں فیصلہ ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کےسینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کردیا ، پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نےایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بننے کیلئے 30 سینیٹرز کے حمایتی دستخطوں کے ساتھ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو درخواست جمع کروائی ہے ، چیئرمین سینیٹ اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کے بعد اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے ، درخواست جمع کروانے کے موقع پر شیری رحمان، روبینہ خالد سمیت دیگررہنما بھی یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ تھے۔
بتایا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو 21 پیپلز پارٹی، 2 اے این پی، ایک جماعت اسلامی ارکان کی حمایت حاصل ہے، سابق فاٹا کے 2 ارکان، دلاور خان کے آزاد گروپ کے 4 ممبران کی حمایت بھی حاصل ہے، یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کرنے والوں میں سینیٹرہدایت اللہ ، ہلال الرحمان، مشتاق احمد اور نواب زادہ ارباب عمر فاروق شامل ہیں۔ چیئرمین سینیٹ اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کے بعد اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے۔