ڈیلرز نے سپلائی روک دی ، چینی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ
لاہور (27 مارچ 2021) لاہور ڈيلرز کی جانب سے سپلائی روکے جانے کے بعد چینی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی ڈيلرز کی طرف سے نے ايف آئی اے کے چھاپوں پر احتجاجاً ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی سپلائی روک دی گئی ہے ، جب کہ لاہور شہر میں چینی کا سب سے بڑا مرکز بابر سینٹر مسلسل چوتھے روز بھی بند ہے۔
شوگر ڈیلرز کے نمائندے محمد منیر نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف آئی اے فوری کارروائیاں بند کرے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کو پتہ ہونا چاہیئے جو پیسہ لگاتا ہے اس کو کمانے کا حق بھی ہے ، جس چیز میں حکومت آتی ہے وہ چیز غائب ہو جاتی ہے۔ دوسری جانب ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فراہمی رکنے کے بعد لاہور شہر میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے ، جب کہ پنجاب حکومت نے مافیا کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب شوگر سپلائی چین مینجمنٹ آرڈیننس جاری کر دیا ، جس کے بعد اب کین کمشنر کسی بھی فیکٹری، گودام یا ہول سیل ڈیلر کی چیکنگ کرسکتے ہیں۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ رمضان المبارک کی آمد میں ابھی چند دن باقی ہیں کہ لاہور سمیت پنجاب کے اضلاع میں چینی کے 50 کلو تھیلے کی قیمت میں 350 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد 50 کلو چینی کا تھیلا 4700 روپے سے بڑھ کر 5500 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ پرچون کی سطح پر چینی کی فی کلو قیمت 108 روپے سے 110 روپے تک ہو گئی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ منڈی سے 105 روپے فی کلو چینی خرید کر 100 روپے فی کلو میں فروخت نہیں کر سکتے ، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد تھوک کی سطح پر چینی 105 روپے فی کلو ہو چکی ہے جبکہ عام بازاروں میں چینی 85 روپے ف کلو کے بجائے 110 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ مجموعی طور پر اس وقت چینی کا شارٹ فال 48 لاکھ کلو گرام ہے جس کی وجہ چینی ڈیلرز کی ہڑتال بتائی گئی ہے ۔