وزیر صحت بلوچستان کے قافلے پر راکٹ حملہ
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کے قافلے پر نامعلوم شرپسندوں نے حملہ کیا، تاہم وزیر صحت اور ان کے ساتھی واقعے میں محفوظ رہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پنجگور عبدالجبار کے مطابق صوبائی وزیر کے قافلے کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پنجگور سے پروم کی طرف جا رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ شرپسندوں نے حملے میں راکٹ سمیت مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا، تاہم لیویز اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد لیویز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے علاقے کو سیل کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ ابھی تک واقعے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ رحمت صالح بلوچ کا تعلق نیشنل پارٹی سے ہے، جو 2013 کے عام انتخابات میں رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس سے قبل گذشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں سابق وزیراعلیٰ اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے گھر پر بھی راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں گھر کا مرکزی دروازہ بری طرح متاثر ہوا تھا، تاہم اختر مینگل گھر پر موجود نہیں تھے۔
واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں حکومتی عہدیداران، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں۔ صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔ واضح رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ ملوث ہے۔