بلوچستان

کوئٹہ: فائرنگ سے ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) قائد آباد مبارک شاہ سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ میں پیش آیا جب مسلح افراد نے علاقے میں گشت کرتی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس عبدالرزاق چیمہ نے فائرنگ کے واقعے میں ایس پی قائد آباد سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی جبکہ پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا جارہا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوع سے شواہد جمع کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تاحال اہلکاروں پر فائرنگ کے اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے پولیس پر ہونے والے اس حملے کی سختی سے مذمت کی۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری اور وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو مجرمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت دی۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

رواں ہفتے 10 جولائی کو بھی صوبہ بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب چمن کے علاقے میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) قلعہ عبداللہ ساجد خان مہمند کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں ڈی پی او سمیت 2 افراد شہید اور متعدد پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں ڈی پی او قلعہ عبداللہ ساجد خان مہمند کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بلوچستان کی صوبائی انتظامیہ نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ ملوث ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close