بلوچستان

پاک ایران وفود کا باہمی تجارتی مسائل کو حل کرنے پر اتفاق

تفتان: ایران کے شہر زاہدان میں ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے گورنر جنرل علی اوسط ہاشمی اور پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وفد کے درمیان پانچویں جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ جس میں بلوچستان کے وفد کے سربراہ کلکٹر کسٹم ڈاکٹر سعید جدون، ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبدالودود اچکزئی اور پیٹرن ان چیف غلام فاروق خان کی قیادت میں چیمبر کے اراکین جمعہ خان بادیزئی، حاجی عبدالرحمٰن شاہ آغا، محمد ایوب، حاجی فتح خان، حاجی ظاہر اچکزئی، حاجی فضل اچکزئی، جاوید احمد و دیگر ممبران اور آفیسران پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔ دونوں ممالک اور خاص کر بلوچستان اور سیستان بلوچستان کے تجارت سے وابستہ افراد کے تجارتی اور دیگر مسائل پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ کے صدر حاجی عبدالودؤد اچکزئی اور پیٹرن ان چیف غلام فاروق خان نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے منٹس پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تجارت سے وابستہ افراد اپنے ہمسائیہ برادر ملک ایران اور سیستان و بلوچستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا فروغ چاہتے ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو مشکلات بھی درپیش ہیں۔ جنہیں وہ اس سے قبل بھی ایرانی حکام کے سامنے وقتاً فوقتاً اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے تفتان گیٹ ٹائمنگ میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایرانی وفد کیجانب سے بلوچستان کے وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ نہ صرف تفتان گیٹ کے اوقات کار بڑھائے جائیں گے، بلکہ چیمبر کی جانب سے پیش کئے گئے منٹس پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں وفود کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مقرر کردہ تجارتی حجم کے ہدف تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس سے دونوں ممالک اور صوبوں کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اسلامی رشتے مضبوط ہوں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close