بلوچستان

کوئٹہ میں فورسز کی گاڑی پر حملے میں 8 اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق

کوئٹہ: پشین اسٹاپ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں 8 اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پشین اسٹاپ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا ایک گاڑی میں ہوا جس کے بعد علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکے میں آرمی کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا جس میں 8 اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے، دھماکے میں آتش گیر مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں قریبی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق معمول کی سیکیورٹی پر مامور فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملہ جشن آزادی کی تقاریب کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے لیکن ہماری جدوجہد ہر طرح کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close