آرمی چیف نے چار اہم دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے چار اہم دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی، چاروں دہشتگردوں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کالعدم تنظیموں کے 4 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ چاروں دہشتگرد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں اور مجموعی طور پر 16 افراد کو قتل جبکہ 8 افراد کو زخمی کیا، چاروں دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا اور انہوں نے فوجی عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جس پر فوجی عدالتوں نے ان چاروں دہشتگردوں کو سزائے موت کا حکم سنایا جبکہ مزید 23 مجرموں کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ریاض احمد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں پر حملوں اور گورنمنٹ مڈل اسکول علی گرامہ کو تباہ کرنے میں ملوث ہے۔ دہشتگرد حفیظ الرحمان 3 شہریوں کے قتل اور محمد سلیم مسلح افواج پر حملے میں ملوث رہا ہے جس میں 4 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ جبکہ دہشت گرد کفایت اللہ بھی مسلح افواج پر حملے میں ملوث ثابت ہوا۔ دوسری جانب کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک وطن کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن رد الفساد کا جائزہ لیا۔ کانفرنس کی صدرات پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایج کیو میں ہونے والی اس کانفرنس میں سلامتی کی اندرونی و بیرونی صورتحال اور آپریشن ردالفساد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔