بلوچستان

ملک میں فرقہ واریت نہیں دہشتگردی ہے، میجر جنرل ندیم انجم

کوئٹہ: آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ پاکستان میں فرقہ واریت نہیں، دہشت گردی ہے اور دہشتگردوں کا کوئی مذہب یا فرقہ نہیں ہوتا۔ محرم الحرام ہمیں قربانی، صبر اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ علماء کرام، شہری شرپسند عناصر کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے یہ بات پیر کی شب ایف سی ہیڈ کوارٹر میں محرم الحرام کی مناسبت سے منعقدہ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایف سی بلوچستان سیکٹر کمانڈر کوئٹہ بریگیڈیئر تصور حسین، ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا اور ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے سلسلے میں تمام مکاتب کے لوگ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں۔ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں قربانی، صبر اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں اس پیغام پر عمل کرتے ہوئے بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیئے۔ پاکستان میں فرقہ واریت نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ہم سب نے مل کر ان دہشت گردوں کا قلع قمعہ کرنا ہے۔ دشمن ہمارے اتحاد و امن کو تباہ کرنے کے لئے ہر ممکن حربے استعمال کر رہا ہے، جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے۔ ہمارا مثالی اتحاد فرقہ بندی سے بالا تر ہے اور یہ اتحاد ہمیشہ جاری رہے گا۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ فرقہ واریت اور گڑبڑ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہا جائے اور ایسے عناصر کی بروقت نشاندہی کریں، تاکہ شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close