دہشتگرد ہمارے محاصرے میں ہیں، جلد انکا مکمل قلع قمع کر دیا جائیگا، نواب ثناء اللہ زہری
کوئٹہ: وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہمیں ایک بڑی جنگ کا سامنا ہے۔ سرحد پار سے دہشت گرد آکر صوبے میں دہشت گردی کرتے ہیں اور معصوم لوگوں کا خون بہاتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں ہر متعلقہ ادارے کو چوکس رہنا ہوگا۔ اللہ کے فضل سے ہم کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ پہلے ہم دہشت گردوں کے محاصرے میں تھے، اب دہشت گرد ہمارے محاصرے میں ہیں اور جلد ان کا مکمل قلع قمع کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان اور عاشورہ محرم کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلٰی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، سردار محمد اسلم بزنجو، آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکرٹری داخلہ اور تمام متعلقہ صوبائی و وفاقی محکموں اور انٹیلی جنس اداروں کے حکام اور انتظامی سربراہان بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کو آئی جی پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں محرم کی مجالس اور عاشورہ کے جلوسوں کے لئے فول پروف سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں، جن میں امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے اضافی نفری کی تعیناتی، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر مانیٹرنگ رومز کا قیام، جلسوں کی مانیٹرنگ کے لئے کیمروں کی تنصیب سمیت دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں، جبکہ ماضی کی طرح اس سال بھی عاشورہ محرم کے جلوسوں کے روٹس کی سوئپنگ، پلگنگ اور فضائی نگرانی کی جائے گی۔ ایف سی، پولیس اور لیویز اہلکار تعینات کئے جائیں گے، جبکہ پاک فوج کی بھرپور معاونت بھی حاصل رہے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں اور سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 9 اور 10 محرم کو کوئٹہ سمیت جن علاقوں میں جہاں عاشورہ کے جلوس برآمد ہوتے ہیں، موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انتظامیہ نے بلوچستان شیعہ کانفرنس اور دیگر مکاتب فکر کے علماء کرام سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے انہیں اعتماد میں لیا ہے، تاکہ علماء کرام فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کی فضاء کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وزیراعلٰی نے سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فسادیوں اور شرپسندوں سے پوری طرح ہوشیار رہتے ہوئے معمولی سے بھی خطرے اور خدشات کو نظر انداز نہ کیا جائے، تمام ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں مربوط حکمت عملی کے ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ اسلام تمام مذاہب، مسالک اور مذہبی عقائد کا بھرپور احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔ ہم کسی کو بھی اپنے اندر تفرقہ پیدا نہیں کرنے دیں گے اور عوام کے تعاون سے تفرقہ پیدا کرنے کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مانیٹرنگ کے نظام کو موثر بناتے ہوئے شرانگیزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ وزیراعلٰی نے یقین دلایا کہ سکیورٹی اداروں کو محرم الحرام میں امن برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل اور ضروری فنڈز فوری طور پر فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی نے ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے جلوسوں کے روٹس پر بھرپور سکیورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جن میں روٹس کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، ایمبولینس سروس کی فراہمی شامل ہیں، جبکہ انہوں نے محکمہ صحت، محکمہ بلدیات، میٹرو کارپوریشن کو بھی مستعد رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلٰی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومتی اقدامات، سکیورٹی فورسز کی کارکردگی اور عوام کے تعاون سے محرم الحرام امن کے ساتھ گزرے گا۔