دہشتگرد پاکستان پر حملوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد پاکستان پر حملوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی ایجنسیاں دہشتگردوں کی مدد کر رہی ہیں۔ کوئٹہ سریاب روڈ پر دھماکے کی جائے وقوعہ سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں۔ دھماکا 8 بج کر25 منٹ پر ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق پولیس اہلکاروں کے ٹرک کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا، جبکہ ابھی واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا دھماکا خودکش تھا یا نہیں۔ کل تک اس جگہ کو محفوظ رکھا جائے گا، کیونکہ لاہور سے فرانزک ٹیم آ رہی ہے، جو اس جگہ کا معائنہ کرے گی۔ ہم سامنے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ ایسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ ہم دہشت گردوں کے ساتھ جنگ لڑیں گے اور جیت ہماری ہوگی۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے پولیس اور ایف سی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں، جبکہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” اور افغان ایجنسی "این ڈی ایس” پاکستان میں حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی مدد کر رہی ہیں۔