خاران میں پارٹی رہنماء کے گھر پر حملہ حالات خراب کرینکی کوشش ہے، سردار اختر جان مینگل
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بی این پی کے سینیئر رہنماء حاجی غلام حسین بلوچ اور ان کے گھر پر مسلح حملہ کرنے والی قوتوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ بی این پی (مینگل) کے چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خاران کے مخبوط الحواس ایم پی اے نے شکست کے خوف سے خاران کے غیور اور معززین کو بندوق اور گولی سے خوفزدہ کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ بی این پی جمہوری اور شرافت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ اگر چوری کی دولت سے گھمنڈ میں آکر دہشت گردی کی آڑ میں خاران فتح کرنا چاہتا ہے، تو انہیں اس خوش فہمی سے نکل جانا چاہیئے۔ ورنہ خاران سمیت بلوچستان میں ہر جگہ ان کا جینا حرام کر دیا جائے گا۔ سردار اختر مینگل نے تمام رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی سطح پر سکیورٹی معاملات کا جائزہ لیں۔ بی این پی کے جمہوری عمل اور عوام میں مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر چند عناصر کارکنوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں کرکے ہمیں آنے والے انتخابات سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔