بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید بارش کا امکان
کوئٹہ : شہر اور مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
لورالائی میں سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے ایک ہی خاندان کے 7افراد کو بچا لیا گیا۔
ندی میں سیلابی ریلہ آنے کی وجہ سے ایک ہی گھر میں اندر سات افراد پھنس گئے تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے پھنسے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
جھل مگسی میں باشوں سے مکانات کی چھتیں منہدم ہوگئیں جبکہ لورالائی اور کولپور میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لوگ امداد کے منتظر ہیں جبکہ رات متاثرین نے کھلے آسمان تلے گزاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لسبیلہ، کیچ، آواران، گوادر، جیوانی، اورماڑہ اور پسنی میں موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ خضدار، قلات، نصیر آباد، سبی، جعفرآباد، تربت اور پنجگور میں بھی موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔
کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 27 ڈگری اور سبی میں 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی میں 38 ڈگری، تربت میں 39، جیوانی میں 34 اور گوادر میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
کوئٹہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی غائب ہے اور طوفانی بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔