بلوچستان

قلات میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 34 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات پر قلات میں ہونے والے آپریشن میں اب تک کالعدم تنظیم کے 34 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پورا ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور دشمن ہمارے خلاف سازشیں تیار کررہا ہے اور کلبھوشن کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں بیرونی قوتیں ہی کارفرما ہیں ۔ کلبھوشن بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ نہیں بلکہ اس کا افسر ہے ۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جرائم کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے اور میری اطلاعات کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ کا سربراہ ڈاکٹر اللہ نذر بھی اب زندہ نہیں ہے ، ہم اس طرح کے ہر تخریب کار کو اس کے انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے ۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات پر قلات میں ہونے والا آپریشن بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں اب تک کالعدم تنظیم کے 34 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ، بارودی مواد اور ددستی بم بھی برآمد کئے گئے ہیں ۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ قلات کے علاقے جوہان میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عبدالنبی بنگلزئی بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ مارے گئے دیگر دہشت گردوں میں ہائی کورٹ کے جج جسٹس نواز مری سمیت مستونگ کےمتعدد پشتون شہریوں کے قتل میں ملوث افراد بھی شامل ہیں ۔ آپریشن میں دو ایف سی اہلکار زخمی اور ایک اہلکار شہید بھی ہوا ہے۔

کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے حوالے سے صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ینگ ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔ جبکہ ڈاکٹرز کی ریلی پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close