کوئٹہ، چرچ پر 4 خودکش بمباروں کا حملہ، خاتون اور سکیورٹی اہلکار سمیت 9 افراد جاں بحق
کوئٹہ: زرغون روڈ پرواقع چرچ پر4 خودکش بمباروں کے حملے میں خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق اور30 زخمی ہو گئے، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر واقع چرچ میں دعائیہ تقریبات جاری تھیں کہ دہشتگردوں نے تیز دھار آلے سے حملہ کر کے سکیورٹی گارڈ کو مار دیا اور چرچ کے اندر داخل ہو گئے اور فائرنگ شروع کر دی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق چرچ پر 4 خودکش بمباروں نے حملہ کیا،ایک خودکش بمبار نے چرچ کے اندر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرے کو سکیورٹی فورسز نے گیٹ پر بھی موت کے گھاٹ اتار دیا،دیگر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکش دھماکے میں خاتون اور سکیورٹی اہلکار سمیت 9افراد جاں بحق اور30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
جاں بحق افراد میں مہک سہیل، آکاش نسیم، فیصل مسیح، جارج مسیح اور گلدار شامل ہیں، زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جن کو ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے، دہشت گردوں کے حملوں کے بعد صوبائی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے طلب کر لیا گیا۔