بلوچستان

کوئٹہ: زرغون روڈ پر واقع چرچ پر خودکش حملے

کوئٹہ: زرغون روڈ پر واقع چرچ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ فورسز کی کارروائی میں 2 خودکش حملہ ہلاک اور 2 فرار ہوگئے۔

کوئٹہ کے زرغون روڈ پر دہشت گردوں نے چرچ پر اس وقت حملہ کیا جب وہاں دعائیہ تقریب جاری تھی، خودکش بمباروں نے چرچ کے اندر جانے کی کوشش کی تاہم مرکزی دروازے پر تعینات اہلکار نے فائرنگ کر کے ایک بمبار کو مار گرایا جب کہ دوسرے خودکش حملہ آور نے چرچ کے اندر جانے کی کوشش کی۔

فائرنگ کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

دوسرا خودکش بمبار فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوا اور اس نے چرچ کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

خودکش بمباروں سے متعلق متضاد اطلاعات

خودکش حملہ آوروں کی تعداد سے متعلق متضاد اطلاعات ہیں، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق چرچ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد 4 تھی جن میں سے 2 ہلاک اور 2 فرار ہوگئے۔

جب کہ وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 2 خود کش حملہ آوروں نے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر حملہ کیا جن میں سے ایک مرکزی دروازے پر اہلکار کی فائرنگ سے مارا گیا جب کہ دوسرے نے چرچ کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔

آئی جی بلوچستان معظم انصاری نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی جن میں ایک دہشتگرد چرچ کے مرکزی دروازے پر مارا گیا جب کہ دوسرے نے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔

آئی جی بلوچستان نے کہا کہ چرچ میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 400 افراد موجود تھے، اگر دہشت گرد چرچ کے اندر پہنچ جاتے تو بہت بڑا نقصان ہوسکتا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے فرائض انجام دیتے ہوئے قوم کو بڑے سانحے سے بچاتے ہوئے حملہ آوروں کو ہلاک کیا۔

سول اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 8 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 44 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔  ترجمان سول اسپتال کے مطابق زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک شخص کی شناخت آزاد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 8 جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

سول اسپتال سمیت کوئٹہ کی دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ شدید زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں طبی امداد دی جارہی ہے، زخمیوں کو خون کے عطیات دینے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد سول اسپتال میں موجود ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے زرغون روڈ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا اور میڈیا نمائندوں کو بھی جائے وقوعہ سے دور کردیا گیا ہے۔

کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے آئی جی بلوچستان سے چرچ حملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کوئٹہ میں چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ بزدلانہ تھا، مشکل کی اس گھڑی میں ہم بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ چرچ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو دعائیہ تقریب کے دوران نشانہ بنایا گیا، حکومت چرچوں اور کرسمس تقریبات کی حفاظت یقینی بنائے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان کی دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعاگو ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close