عمران خان برطانیہ میں اسرائیلی لابی کے لئے کام کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جو خود چور ہے وہ دوسرے کو بڑھ چڑھ کر چور کہہ رہا ہے جب کہ وزیراعظم کا نام اگر پاناما لیکس میں ہے تو انہیں جانا چاہیے لیکن پہلے تحقیقات کی جائیں۔
کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو خود چورہے وہ دوسرے کو بڑھ چڑھ کر چور کہہ رہا ہے، انہیں پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کے لیے متنازعہ بیوروکریٹس پر اعتماد ہے مگر سابق جج پر نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ٹیکس بچانے کے لیے کمپنی بنانے کاعتراف کیا، یہ برطانیہ میں اسرائیلی لابی کے لیے کام کرتا ہے اور جو یوٹرن کو نہیں جانتے ان کے سامنے اس شخص کی تصویر لگادی جائے تو وہ سمجھ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم کا نام پاناما لیکس میں ہے تو انہیں جانا چاہیے لیکن پہلے تحقیقات تو کی جائیں۔