پاک افغان بارڈر کی حفاظت کیلئے ساڑھے بارہ سو کلو میٹر باڑ لگا رہے ہیں، جنرل عاصم سلیم باجوہ
کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان و پاکستان کے بارڈر پر ساڑھے بارہ سو کلو میٹر طویل باڑ لگا رہے ہیں، جس سے ہماری سرحدیں محفوظ ہونگی، سی پیک اور خوشحال بلوچستان، ایسے ترقیاتی پروگرامز ہیں کہ یہ صوبے کے مستقبل کے لئے تابناک روشنی لائیں گے، بلوچستان میں پہلے گلہ رہا ہے کہ یہاں ترقی نہیں ہو رہی، اب ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے اور یہاں ترقی نظر آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیشل آپریشن ونگ، ایف سی سدرن کی خضدار میں پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم و دیگر نے بھی شرکت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میں وسیع پیمانے پر ترقی ہو رہی ہے۔ مستقبل قریب میں آپ کو پورے بلوچستان میں ترقی نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان و پاکستان کے بارڈر پر ساڑھے بارہ سو کلو میٹر طویل باڑ لگا رہے ہیں، جس سے ہماری سرحدیں محفوظ ہونگی، اس ملک کا ہر فرد دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے مزید کہا کہ پاک فوج کو اپنی قوم سے پیار اور محبت ہے، ہمیں قوم کا اعتماد چاہیئے۔ الحمدللہ آنے والے ہر روز کے ساتھ پاک فوج کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آج جوانوں نے دفاعی صلاحیتوں کا جس شاندار انداز میں مظاہرہ کیا، وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔