بلوچستان

نواز شریف کوئی غلطی نہ کریں تو سینیٹ و عام انتخابات وقت پر ہی ہونگے، سردار یار محمد رند

کوئٹہ:  پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ سینیٹ اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ اگر میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کوئی غلطی نہ کریں۔ جس پارلیمنٹ میں قائد ایوان شاہد خاقان عباسی، اسپیکر ایاز صادق، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ہوں گے، تو ایسی پارلیمنٹ کا کیا عزت واحترام ہوگا۔ ہم پارلیمنٹ کے وہ چوکیدار ہیں، جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کو ان کے ناپاک عزائم سے روکا ہوا ہے۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہونے میں صوبائی حکومت کی اپنی نااہلی شامل تھی۔ آئندہ انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے، وقت آنے پر استعفے بھی دے دینگے۔ کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان کی سابقہ حکومت نے صوبے کے عوام اور اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ جس قسم کی زیادتیاں کیں اور عوامی خدمت کے بجائے اپنے مفاد کو ترجیح دی، اسی وجہ سے صوبے میں تبدیلی آئی۔ اس تبدیلی میں ہمارا کردار نہیں تھا۔ لیکن ہم تبدیلی کے لئے دعا گو ضرور تھے۔ شریف خاندان کے بُرے دن آنے والے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ انہیں سیاسی شہید کر دیا جائے۔ اسمبلی ٹوٹنے کے بھی امکانات ہیں، مگر وہی ہوگا جو منظور خدا ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں۔ آئندہ عام انتخابات میں کسی پلیٹ فارم سے حصہ لینے کی بجائے، سیاسی جماعتوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمینٹ کریں گے۔ بلوچستان میں سیاسی شخصیات اور جماعتوں سے مثبت بات چیت جاری ہے، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں واضح ہوجائیں گے۔ موجودہ وزیراعظم منشی اور کارندے کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہیں ایکٹنگ وزیراعظم کا چارج دیا گیا ہے۔ اصل قوتیں درپردہ ہیں جو شاہد خاقان عباسی سے اپنی مرضی کے مطابق کام کروا رہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close