وزیراعلٰی بلوچستان ایک ڈرامہ ہے، 6 مہینے میں صوبے کی تقدیر بدلنا ناممکن ہے، لشکری رئیسانی
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بلوچستان میں پانچ سال کے دوران 3 وزرائے اعلٰی بدلتے رہیں اور موجودہ وزیراعلٰی ایک ڈرامہ ہے۔ آخری 6 ماہ میں وہ بلوچستان کی تقدیر نہیں بدل سکتے۔ اپنے حلقے میں کبھی بھی حالات کو بہتر نہیں کر سکتے تو بلوچستان کے حالات میں کیا بہتری لائیں گے۔؟ جس وزیراعلٰی کو حلقے کا اعتماد نہ ہوں تو وہ بلوچستان کا وزیراعلٰی کیسے بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں رکنیت سازی مہم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ رکنیت سازی مہم میں کارکن بھر پور انداز میں اپنا حصہ ڈالیں۔ بلوچستان کی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ان نوجوانوں کو اپنا کردارا دا کرنا ہوگا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی تمام قوموں کی نمائندہ جماعت ہے۔ جب تک ہم متحد نہیں ہوں گے، بلوچستان کے مسائل کو حل نہیں کر سکتے۔ بلوچستان میں ہونے والے سینیٹ انتخابات میں جو ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، یہ ہمارے صوبے کے لئے ایک مذاق ہے۔
لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے جو بھی مطالبات ہیں، وہ سیاسی اور قانونی ہے۔ جب فیڈریشن بنا تو بلوچستان نے اپنا حصہ ڈالا۔ جب تک ہمیں اپنے حقوق نہیں ملتے، اس وقت تک ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 20 لاکھ کے لگ بھگ ہیں، مگر ہمیں اپنے وسائل پر اختیار نہیں ہے۔