بلوچستان

وزیراعظم نے نوازشریف کیلیے چیف جسٹس کے آگے ہاتھ جوڑے ہوں گے،عمران خان

کوئٹہ: وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے متعلق دیئے گئے بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے بیان پر دکھ ہوا۔

وزیراعظم کے اس بیان پر بلوچستان کی عوام کو تکلیف ہوئی ہے۔ وزیراعظم کو اس بیان پر معافی مانگنی چاہیئے۔ اگر انہوں نے معذرت نہ کی تو بلوچستان سے اسلام آباد تک مارچ کریں گے۔ ہم پوائنٹ اسکورنگ میں نہیں جانا چاہتے، ہمیں وزیراعظم کے بیان سے دلی تکلیف ہوئی۔ وزیراعظم کا بیان قابل افسوس ہے اور اس بیان سے صوبے کے عوام ناراض ہیں۔ بلوچستان میں سینیٹ کا الیکشن جمہوری طریقے سے ہوا۔ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جیت پر عمران خان اور پیپلزپارٹی سمیت سب دوستوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کو بچانے کے لئے چیف جسٹس کے آگے ہاتھ جوڑے ہوں گے اور این آر او مانگا ہوگا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ایک نکاتی ایجنڈا نواز شریف اور ان کی چوری کو بچانا ہے۔ وزیراعظم اربوں روپے کی چوری کرنے اور جھوٹ بولنے والے مجرم کا دفاع کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلوں پر تنقید کر رہا ہے۔ اگر وزیراعظم عدالت اعظمٰی کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کر رہا تو جیلوں میں قید مجرم کیسے عدالتی فیصلے مانیں گے۔؟ حکومت کا کچھ وقت بچا ہے۔ اب شاہد خاقان کو چیف جسٹس سے کونسی اصلاحات کروانی تھیں۔؟ مجھے پورا یقین ہے کہ وزیراعظم نے چیف جسٹس کے سامنے ہاتھ جوڑے ہوں گے کہ نواز شریف کو بچا لو اور این آر او دے دو، جبکہ دورہ امریکا کے دوران بھی وزیراعظم نے امریکا سے نواز شریف کو بچانے کے لئے منت سماجت کی ہوگی۔

کپتان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں کہ واجد ضیا نے لندن فلیٹس اور آف شور کمپنیوں کی ملکیت میں نواز شریف کا نام نہیں لیا۔ اصل میں تو یہ کیس مریم نواز پر چل رہی ہے۔ اسے بتانا ہوگا کہ اربوں روپے کہاں سے آئے۔؟ نواز شریف اور آصف علی زرداری دونوں ہی کرپٹ ہیں۔ ہم نے (ن) لیگ اور پی پی کا چیئرمین سینیٹ نہیں آنے دیا، یہ ہماری بہت بڑی جیت اور بلوچستان کے لئے خوش آئند بات ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close