آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں ہونے والی دہشتگردی کا نوٹس لیتے ہوئے لواحقین کے مطالبے پر کوئٹہ جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسلام ٹائمز کو باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جمعہ تک کوئٹہ پہنچیں گے اور متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان کے مطالبات سنیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کوئٹہ سے شہداء کے ورثاء کے مطالبات کی لسٹ بھی منگوا لی ہے اور ابتدائی طور پر اس کا جائزہ بھی لیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف شہداء کے ورثاء سے ملکر انہیں پاراچنار طرز کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے۔ اہم اجلاس میں آرمی چیف کو بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ کے حالات خراب کرنے میں امریکہ سمیت خلیجی ریاستیں شامل ہیں، جو داعش کو سپورٹ کر رہی ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے پلان بھی بنایا جا رہا ہے۔