ملک بھرمیں آپریشنرردالفسادکامیابی سے جاری ہے،پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نےبلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد سلمان بادینی سمیت 3 ملک دشمنوں کوہلاک کردیا ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے کرنل سہیل عابد بھی شہید اور 4 جوان شدید زخمی ہو گئے ہیں ،ہلاک ہونے والا دہشت گرد اور کالعدم لشکر جھنگوی کاامیر سلمان بادینی ہزارہ برادری اور پولیس کے 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ’’ آپریشن رد الفساد“ کے تحت خود کش بمباروں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں کارروائی کی جس میں دہشتگر دوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ملٹر ی انٹیلی جنس ونگ کے کرنل سہیل عابد شہید جبکہ چار جوان زخمی ہوگئے ،دو زخمی جوانوں کی حالت انتہائی تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے ۔ آپریشن کے دوران کالعدم لشکرجھنگوی بلوچستان کے امیر سلمان بادینی سمیت3 خود کش بمباروں کو ہلاک کردیاگیا جبکہ دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ و بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔