بلوچستان اسمبلی نے 2018ء کے عام انتخابات ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے سے متعلق قرارداد منظور کر لی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ درانی کی زیر صدارت ہوا جس میں صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے 2018ء کے عام انتخابات ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی جو متقفہ طور پر منظور کر لی گئی جب کہ اپوزیشن ارکان قرارداد کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید گرمی کے باعث انتخابی عمل متاثر ہو سکتا ہے، پولنگ اسٹیشن میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پولنگ اسٹاف کا بیٹھنا بھی محال ہوگا اور جولائی میں بہت سے لوگ حج کے لئے بیرون ملک ہوں گے لہذا الیکشن 25 جولائی کی بجائے اگست کے آخری ہفتے میں منعقد کرائے جائیں۔اس سے قبل اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی قرارداد کے ذریعے جمہوریت کا بستر ہمیشہ کے لیے لپیٹا جا رہا ہے، پہلے قرارداد کا متن کچھ اور تھا اب کچھ اور ہے، انتخابات ملتوی نہیں ہو سکتے قرارداد کو واپس لیا جائے۔