ایم ایم اے پاکستان میں اسلامی نظام کو یقینی بنائیگی، ملک سکندر ایڈوکیٹ
کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے نے اپنے منشور میں وطن عزیز کو درپیش تمام مسائل کا حل پیش کر دیا ہے۔ عوام نے اعتماد کیا تو پاکستان کو ریاست مدینہ کا بہترین نمونہ اور اسلامی نظام کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔ 70 سال کا عرصہ گذر چکا، لیکن عوام کی تقدیر نہیں بدلی۔ تمام اسلامی ممالک پر مشتمل بلاک کی تشکیل ایم ایم اے کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جبکہ ملکی وسائل کی برابری کی بنیاد پر تقسیم، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی متحدہ مجلس عمل کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایم ایم اے نے ترقی کا منصوبہ پیش کر دیا ہے، جس کے مطابق خود انحصاری اور کفایت شعاری پیدا کرکے سودی نظام کا خاتمہ اور بیرونی قرضوں سے نجات ایم ایم اے کی ترجیحات ہوں گی۔ تعلیم اور صحت کی سہولیات نہ دینے والے حکمرانوں کو اقتدار سے چمٹے رہنے کا حق نہیں ہے۔ قوم خاندانی جماعتوں کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔