طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد
لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائی کورٹ کی اگلی چیف جسٹس نامزد کردیا۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ’بلوچستان ہائی کورٹ کی اگلی چیف جسٹس خاتون ہوں گی اور ہائی کورٹ کی اگلی چیف جسٹس طاہرہ صفدر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ’یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس خاتون ہوں گی۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ’ہمیشہ کوشش کی کہ انصاف صرف کتابی بات نہ ہو بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے، لیکن مجھے دکھ ہے کہ ہمارے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے ادارے کے خلاف ایسے الزامات عائد کیے جاتے ہیں جس سے یہ کمزور ہوتا ہے اور خدا نخواستہ ایسا ہوگیا تو پاکستان کی بقا مشکل ہوجائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جمہوریت پر آنچ نہیں آئے گی، میں نے بروقت انتخابات کا وعدہ کیا تھا جبکہ عدلیہ کی طاقت سے آئین اور جمہوریت ملک میں قائم رہے گی۔بلوچستان ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی 31 اگست کو ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے بعد جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر چیف جسٹس کا عہدہ سنبھا لیں گی۔جسٹس سید طاہرہ صفدر 5 اکتور 1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں اور وہ سید امتیاز حسین باقری حنفی کی صاحبزادی ہیں۔جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے 22 اپریل 1982 کو تاریخ رقم کی اور مقابلے کا امتحان پبلک سروس کمیشن سے پاس کرنے کے بعد اپنا کیرئر بطور سول جج شروع کیا۔