سکیورٹی آپریشنز میں ’سات عسکریت پسند ہلاک
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ہلاک ہو نے والے تین عسکریت پسند جمعہ کی رات گئے کی جانے والی ایک کارروائی میں مارے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سریاب کے علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جب کہ فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔
اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں کوہلو میں بھی چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
ایف سی کے ترجمان کے مطابق حساس اداروں اور ایف سی کے اہلکاروں نے کوہلو کے علاقے کاہان میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں آپریشننز کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے تھا۔
دونوں واقعات میں ان افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور عسکریت پسند تنظیموں سے تعلق کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ ریپبلیکن آرمی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے مرو اور دیگر علاقوں میں سیکورٹی افواج پر حملوں اور ان کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے لیکن سرکاری سطح پر ان حملوں کی تصدیق نہیں ہوئی۔