امریکہ سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان میں بحران پیدا کر رہا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری
گوادر: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ گوادر میں ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کا انعقاد بہت بڑی کامیابی ہے۔ گوادر سے پورے خطے میں تجارت اور معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ گوادر سی پیک کا سنگم ہے۔ ضروری ہیں کہ سی پیک راستے پر اکنامک زون قائم کیا جائے، جس سے بلوچستان کے لوگوں کی احساس محرومیت ختم ہوجائے۔ گوادر میں 26 ممالک کے 100 سے زیادہ مندوبین شریک ہوئے۔ گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنماء کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا موضوع امن اور ترقی تھا۔ اس کانفرنس کے زریعے خطے میں امن اور تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاء کے تمام ممالک کو اس طرح کے کانفرنس وقتاً فوقتاً رکھنی چاہیئے۔ پاکستان تب مضبوط ہوگا، جب ایشیاء کے تمام ممالک کیساتھ ان کے تعلقات مضبوط ہونگے۔ امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم نہ ہو۔ اس لئے ملک میں بحران پیدا کرنا چاہتا ہے۔ ہم سمجھتے ہے کہ گوادر ایشیاء کا وہ بندرگاہ ہوگا، جہاں پورے ایشیاء کی اکنامک کا مرکز کہلائے گا۔ یہاں کے لوگوں کی بنیادی ضروریات کو دیکھنا ہوگا اور پورے بلوچستان کو سی پیک کے ثمرات ملنے چاہیئے، تاکہ لوگوں کی احساس محرومی ختم ہو۔