کوئٹہ: زونل کمانڈر بلوچستان کانسٹیبلری کوئٹہ کی طرف سے جاری کئے گئے لیٹر میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے 06 نامعلوم دہشت گرد کوئٹہ میں داخل ہو چکے ہیں، جن میں دو مرد اور دو خودکش خواتین حملہ آور ہیں، جو کہ دہشت گردی کی کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں۔ لیٹر میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی کو انتہائی مضبوط بنائیں تاکہ دہشت گردی کا کوئی ناخوشگوار سانحہ رونما نہ ہو سکے۔ لیٹر میں ہدایت کی گئ ہے کہ تمام جوان اپنی ڈیوٹی چوکس ہوکر مستعدی سے انجام دیں۔
تمام داخلی و خارجی مقامات پہ افراد اور گاڑیوں کو روک کر مکمل چیک کیا جائے اور تصدیق کی مکمل تسلی اور شناخت کے بعد متعلقہ ایریاز کے اندر داخل ہونے دیا جائے۔ لیٹر میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال اور کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت ناقابل برداشت ہوگی اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لیٹر جاری ہونے کے بعد سے پورے شہر میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں اور ممکنہ دہشتگردوں کی تلاش کیلئے پولیس اور اداروں کا مشترکہ آپریشن بھی جاری ہے۔